بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 28/11/2026

دارالافتاء

 

والدین کا اپنی اولاد کےحق میں گواہی دینا


سوال

دو آدمی کاروبار میں شریک ہیں ، ان میں سے ایک کاروبار کے تمام معاملات کو سنبھالتا ہے، کئی مرتبہ اس نے  دوسرے شریک کی اجازت سے کاروبار میں  مشترکہ سرمایہ کے علاوہ مزید رقم ڈالی ہے، لیکن  شرکت  ختم کرتے وقت  پھروہ دعوی کرتا ہے، کہ میں نے اس کاروبار میں مشترکہ سرمایہ کے علاوہ مزید رقم بھی ڈالی ہے، جبکہ دوسرا شریک اس كا انكار كرتا ہے، اور پہلے شریک کے پاس اپنے دعوی پر بطور گواہ اپنے والدین کے علاوہ کوئی موجود نہیں  ، تو کیا اس کے حق میں اس کے والدین کی گواہی شرعا معتبر ہوگی یا نہیں؟ اور   اگر پہلا شریک اس بات پر قسم کھائے، کہ میں نے مزید رقم کاروبار میں ڈالی ہے، تو اس کی قسم پر فیصلہ  کیا جا سکتاہےیا نہیں؟

جواب

واضح رہے کہ اگر کوئی شخص مالی معاملات میں دوسرے پر دعوی کرے  اور دوسرا شخص اس کا انکار کرے، تو مدعی کے ذمے اپنے دعوی کو ثابت کرنے  کے لیے  دو مردوں یا ایک مرد اور دوعورتوں کو  بطور گواہ پیش کرنا ضروری ہوتا ہے، اگر مدعی معتبر گواہ پیش کرے، تو مدعی کے حق میں فیصلہ کیا جائے گا، اور اگر مدعی کے پاس گواہ نہ ہوں،تو قسم کھانا اس کے ذمہ داری نہیں، بلکہ قسم مدعی علیہ سے لی جائے گی، اگر اس نےقسم کھا لی ، تو اس کے حق میں فیصلہ کیا جائےگا، اور اگر قسم کھانے سے انکار کیا تو ایسی صورت میں مدعی کے حق میں فیصلہ کیا جائے گا۔نیز یہ کہ والدین کا اپنی اولاداور اولاد کا اپنے والدین کے حق میں گواہی شرعا معتبر نہیں۔

صورت مسئولہ کےمطابق جب ایک شریک کاروبار میں مزید رقم ڈالنے کا دعوی کرتاہے، اور دوسرا شریک اس کا منکر ہے،اور پہلے شریک کے پاس والدین بطور گواہ موجود ہیں  ، تو والدین کی  گواہی اس کے حق میں  قابل قبول نہیں ، تاہم اگر کوئی دوسرے معتبر گواہ وہ پیش نہ کرسکے، تو دوسرے شریک سے قسم لی جائے گی، اگر اس نےقسم کھا لی ، تو اس کے حق میں فیصلہ کیا جائےگا، اور اگر قسم کھانے سے انکار کیا تو ایسی صورت میں پہلے شریک  کے حق میں فیصلہ کیا جائے گا۔نیز یہ کہ  پہلا شریک چونکہ مدعی ہے، اس لیے اس  کے ذمہ  گواہ پیش کرنا ہے، اس کاقسم کھانا معتبر نہیں، بلکہ قسم  دوسرے شریک کودی جائے گی۔

 

عن شريح، عن عمر ، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: البينة على المدعي ، واليمين على المدعى عليه. (سنن الدارقطني، رقم الحدیث: 4510،ج:5، ص:390)

ومنها الشهادة بغير الحدود والقصاص وما يطلع عليه الرجال وشرط فيها شهادة رجلين، أو رجل وامرأتين سواء كان الحق مالا، أو غير مال كالنكاح والطلاق. (الفتاوى الهندية، کتاب الشهادات، ج:3، ص:388)

لا تجوز شهادة الوالدين لولدهما وولد ولدهما، وإن سفلوا، ولا شهادة الولد لوالديه وأجداده وجداته من قبلهما، وإن علوا. (الفتاوى الهندية، کتاب الشهادات، ج:3، ص:403)


فتویٰ نمبر : 6842/297/328

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں