بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 08/09/2026

دارالافتاء

 

طلاق کو شرط کے ساتھ معلق کرنا


سوال

آج صبح مسجد میں دو افراد کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہو گیا۔ معاملہ اس حد تک بڑھ گیا کہ حاضرین نے دونوں کو مسجد سے نکلنے کا مشورہ دیا تاکہ تنازعہ ختم ہو سکے۔ اس پر پہلا شخص بولااگر میں مسجد سے اس سے  پہلے نکلا تو میری بیوی کو تین طلاقیں"۔دوسرے نے بھی وہی الفاظ دہرائےاگر میں مسجد سے اس سے  پہلے نکلا تو میری بیوی کو تین طلاقیں"۔ اب  سوال یہ ہے کہ اس سے طلاق واقع ہو ئی ہے یا نہیں ؟

جواب

اگر کسی نے طلا ق کو کسی شرط کے ساتھ معلق کیا ہو تو شرط واقع ہو تے ہی طلاق واقع ہو جائے گی ۔اگر معلق طلاقیں تین ہو ں تو تین  طلا قیں واقع ہوکر بیوی شوہر پر حرام ہوگی ،البتہ شرط کی غیر موجودگی میں طلاق  واقع نہیں ہوتی ۔

 صورت مسؤلہ کے مطابق اگر دو افراد نے ایک دوسرے کے بارے میں یہ کہا ہو کہ  "اگر میں  اس سے پہلے نکلا تو میری بیوی کو تین طلاقیں"، تو اس کے بعد جو بھی  دوسرے شخص سے پہلے مسجد سے نکل گیا ہو،تواس کی بیوی پر تین طلاقیں واقع ہوں گی،البتہ ایسی صورت میں تین طلاق سے بچنےکی یہ صورت اختیار کی جا سکتی ہے کہ کوئی تیسرا شخص ان میں ایک کو اس کی اجازت اور اس کے حکم کے بغیر مسجد سے اٹھا کر باہر نکالے،تو ایسی صورت میں چونکہ اس نے طلاق کو اپنے فعل کے ساتھ معلق کیا تھا اور وہ نہیں پائی گئی لہذا ایسی صورت میں کوئی طلاق واقع نہ ہو گی اوراس کے بعد دوسرا شخص نکلے،توشرط کے نہ پائے جانے کی وجہ سے اس کی بیوی پرطلاق واقع نہ ہو گی ۔ یا دوسری صورت یہ اختیار کی جا سکتی ہے کہ دونوں ایک ساتھ مسجد سے نکلے،تو ایسی صورت میں بھی شرط کے نہ پا ئے جا نے کی وجہ سے طلاق واقع نہ ہو گی    ۔

 

وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا ۔(الفتاوى الهندية،كتاب الطلاق،الفصل الثالث في تعليق الطلاق ،ج:1،ص:420)

وعند أبي يوسف ومحمدسواء قدم الشرط أو أخر تتعلق الثلاث بالشرط إلا أن عند وجود الشرط إن كا نت مدخولا بها تطلق ثلاثا۔(المبسوط للسرخسي،كتاب الطلاق،باب من الطلاق،ج:6،ص:128)


فتویٰ نمبر : 7218/297/324

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں