بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 08/09/2026

دارالافتاء

 

طلاق کو فون کال کے جواب پر معلق کرنا


سوال

ایک شخص نے اپنی بیوی سے کہا کہ اگر میں نےفلاں عورت کی کال کا جواب دیا تو تجھے 130 طلاق، اب اس عورت نے نمبر تبدیل کرکے اس کو فون کیا، پھر اس مرد نے عورت کے کال کا جواب دیا (اٹھایا)، تو کیا اس کی بیوی کو طلاق ہوگی یا نہیں ؟

جواب

واضح رہے کہ اگرطلاق کو کسی شرط کے ساتھ معلق کیا جائےتو شرط پائے جانے کی صورت میں طلاق واقع ہوجاتی ہے،اور اگر معلق طلاقیں تین ہوں تو تین طلاقیں واقع ہوں گی ،ہاں اگر شرط نہ پائی جائے تو کوئی طلاق واقع نہ ہو گی۔ نیز  یہ بھی یاد رہے کہ  الفاظ کے معنی مراد کی تعیین میں عرف کا بھی بڑا دخل ہے، چنانچہ اگر کوئی شخص اپنی بیوی کی طلاق کو کسی اجنبی عورت کی کال کے جواب دینے پر معلق کرے تو اس سے عرف عام میں ارادی طور پر کال کا جواب دینا مراد لیا جاتا ہے۔ایسی صورت میں اگر غیر ارادی طور پر نمبر پہچانے   بغیرکسی عورت کی کال اُٹھائی جائےتو چونکہ اس میں وہ معنی نہیں پایا جاتا جو اس کلام میں عرفاً معتبر ہوتا ہےاس لئے معلق طلاق واقع نہ ہوگی۔

صورت مسئولہ کے مطابق اگر سائل نے واقعی اپنی بیوی کو ان الفاظ  سے مخاطب کیا تھا کہ "اگر میں نے فلاں عورت کی کال کا جواب دیا تو تجھے130طلاق اور پھر اس کے بعد اُسی عورت کی کال اُٹھائی جو دوسرے نمبر سے آئی تھی"تو اگر کال اُٹھاتے وقت اس کو معلوم تھا کہ یہ دوسرے نمبر سے اسی عورت کی کال  ہے تو شرط واقع ہو کر اس کی بیوی پر تین طلاقیں واقع ہوگئی ہیں،لیکن اگر کال اُٹھاتے وقت اُسے معلوم نہ تھاکہ یہ کس کی کال ہےتوچونکہ معروف معنوں میں شرط نہیں پائی گئی اس لئے کوئی طلاق واقع نہ ہو گی ۔

 

وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن يقول لامرأته: إن دخلت الدار فأنت طالق.(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الطلاق،ج:1،ص:488)

لو حلف لا يزوره فلقيه ‌من ‌غير ‌قصد فإنه ‌لا ‌يحنث.(البحر الرائق،کتاب الطلاق،ج:4،ص:6)

‌حلف ‌لا ‌يضربها ‌فضربها ‌من ‌غير ‌قصد ‌لا ‌يحنث).الدر المختار،كتاب الأيمان، ص:287)


فتویٰ نمبر : 7322/297/324

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں