بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 23/10/2026

دارالافتاء

 

بغیر وضو کے یا حالت جنابت میں موبائل سکرین پر موجود قرآن کو چھونا یا پڑھنا


سوال

کیا وضو کے بغیر قرآن کو موبائل پر پڑھا جا سکتا ہے؟نیز حالت جنابت میں اس کو چھونا جائز ہے یا نہیں؟

جواب

 واضح رہے کہ قرآن کریم کا ادب واحترام ہر مسلمان پر لازم ہے۔چنانچہ جس طرح قر آن کریم کو ہاتھ لگانے یا اٹھانے کے لیےباطنى طہارت كى رعاىت ضروری ہے اسی طرح باوضوہونابھی ضروری ہے ،چنانچہ بغیر وضو یا جنبی شخص کے لیے قرآن کریم کے مصحف کو بغیر حائل کے ہاتھ لگانا جائز نہیں ،تا ہم اگر بے وضو یا جنبی شخص کسی الگ کپڑے وغیرہ کے ساتھ قرآن کریم کو ہاتھ لگاتا ہے تو شرعاً اس کی گنجائش ہے ۔

صورت مسئولہ کے مطابق موبائل سکرین پر قرانی آیات (سافٹ فائل) کے جو نقوش نظر آتے ہیں ان کی حقیقت یہ ہے کہ اس میں باقاعدہ ایسے حروف موجود نہیں ہوتےجن کے لیے ثبات ودوام یا اپنا کوئی وجود ہو ، بلکہ در حقیقت یہ روشنی کی شعاعیں ہيں جومسلسل سکرین پر پڑتی ہیں اس لیے موبائل میں موجود قرآن کریم مصحف قرآنی کے حکم میں نہیں ۔ چنانچہ  اگر آیات قرانی اسکرین پر نظر آرہی ہوں تو بلاوضو یا حالت جنابت میں اس کو ہاتھ لگانا فی نفسہ جائز  ہے تاہم کسی شخص کا یہ ادب قابل تحسین ہے کہ وہ قرآن اسکرین پرنظر آنے کی صورت میں موبائل کو بھی  بغیر وضویا غسل کے  نہ چھوئے ۔نیز جنبی کے لیے قرآنِ کریم کی تلاوت ناجائز ہے، اس سے احتراز لازم ہے ۔

 

قال اللہ تعالی :﴿لا يَمَسُّهُ إِلاَّ الْمُطَهَّرُونَ﴾ (الواقعه:79)            

اختلف في {الْمُطَهَّرُونَ} من هم ؟ فقال أنس وسعيد وابن جبير : لا يمس ذلك الكتاب إلا المطهرون من الذنوب ۔ ۔ ۔ قال قتادة وغيره : {لا يَمَسُّهُ إِلاَّ الْمُطَهَّرُونَ} من الأحداث والأنجاس. (الجامع لأحکام القرآن للقرطبی،ج:9،ص:225)

عن حكيم بن حزام قال : لما بعثني رسول الله صلى الله عليه و سلم إلى اليمن قال : لا تمس القرآن إلا وأنت طاهر. (المعجم الكبير لسليمان الطبراني،مسند حكيم بن حزام،ج:3،ص:205،رقم الحديث 3135)

 (ومنها) حرمة مس المصحف،‌لا ‌يجوز ‌لهما ‌وللجنب ‌والمحدث مس المصحف إلا بغلاف متجاف عنه كالخريطة والجلد الغير المشرز لا بما هو متصل به، هو الصحيح. (الفتاوى الهندية،كتاب الطهارة،الباب السادس في الدماء .....،الفصل الرابع في أحكام الحيض و النفاس،ج:1،ص:39)

لو كان المصحف في صندوق فلا بأس للجنب أن يحمله. (رد المحتار على الدر المختار،كتاب الطهارة،باب الحيض،ج:1،ص:293)


فتویٰ نمبر : 10529/297/321

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں