بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 25/10/2026

دارالافتاء

 

ایزی پیسہ ریٹیلر کا رقم نکالنے یا بھیجنے پراضافی چارجز کاٹنا


سوال

اگر کوئی شخص اپنے ذاتی ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے ایزی پیسہ کا کاروبار کرتا ہو، یعنی جب کوئی گاہک رقم نکالنے یا بھیجنے کے لیے آتا ہے تو وہ اس سے ہر ایک ہزار (1000) روپے پر بیس (20) روپے اضافی وصول کرتا ہے۔مثلاً، اگر گاہک کسی کو ایک ہزار روپے بھیجوانا چاہے اور صرف 1000 روپے دے، تو وصول کنندہ کو 980 روپے بھیجے جاتے ہیں۔ لیکن اگر گاہک 1020 روپے دے، تو پورے 1000 روپے منتقل کیے جاتے ہیں۔اسی طرح، جب کوئی گاہک رقم نکلوانا چاہتا ہےتو ایزی پیسہ والے کو رقم ٹرانسفر کرتا ہے ، تو ہر 1000 روپے پر 20 روپے چارج لیا جاتا ہے۔مثلاً، اگر کوئی 1020 روپے ٹرانسفر کرے، تو اسے 1000 روپے دیے جاتے ہیں، اور اگر کوئی صرف 1000 روپے ٹرانسفر کرے، تو اسے 980 روپے نقد دیے جاتے ہیں۔دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا اس طرح ہر ہزار روپے پر بیس روپے اضافی لینا شرعاً جائز ہے یا نہیں؟

جواب

واضح رہے کہ اگر کوئی شخص کسی مخصوص فرد، کمپنی یا ادارے کی طرف سے کسی مقررہ وقت یا معیّن مدت کے لیے کام پر مامور نہ ہو، بلکہ عام لوگوں کو اجرت کے عوض اپنی خدمات فراہم کر رہا ہو، تو ایسے شخص کو "اجیرِ مشترک" یا "اجیرِ عام" کہا جاتا ہے، اور اس کے لیے اپنی خدمات کے بدلے اجرت متعین کرکے لینا شرعاً جائز ہے۔

صورتِ مسؤلہ میں، اگر ایزی پیسہ ریٹیلر کسٹمر کی رقم ایزی پیسہ کے ماسٹر اکاؤنٹ (جو مخصوص طور پر دکانداروں کے لیے کھولا جاتا ہے) کی بجائے اپنے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرکے  کسٹمر کو نقد رقم دیتا ہے، یا اس کی طرف سے کسی کو رقم بھیجتا ہے،اور اس سہولت کے عوض اضافی رقم لیتا ہے،اور قانون کی رو سے اس کی اجازت ہو،تو یہ اضافی رقم لینا اس کے لیےجائز ہے، بشرطیکہ کسٹمرکو اس اجرت کے متعلق  پہلے سے آگاہ کیا ہو،تاکہ بعد میں باہم نزاع پیدا نہ  ہو۔

 

(الأجراء على ضربين: مشترك، وخاص.فالأول من يعمل لا لواحد) كالخياط ونحوه (أو يعمل له عملا غير موقت) كأن استأجره للخياطة في بيته غير مقيدة بمدة كان أجيرا مشتركا وإن لم يعمل لغيره (أو موقتا بلا تخصيص) كأن استأجره ليرعى غنمه شهرا بدرهم كان مشتركا، إلا أن يقول: ولا ترعى غنم غيري، وسيتضح…(ولا يستحق المشترك الأجر حتى يعمل كالقصار ونحوه). (الدر المختار شرح تنويرالأبصار، کتاب الإجارة، باب ضمان الأجير،ج:9،ص:87-88)


فتویٰ نمبر : 6241/297/328

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں