بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 08/09/2026

دارالافتاء

 

مہر مقرر کرنے کے بعد اس میں زیادتی کرنا /بیوی کا شوہر کی اجازت کے بغیر والدین کےگھر جانا


سوال

ایک شخص کا نکاح ہوا جس میں مہر بھی مقرر  ہوا اس کے بعد کئی عرصہ تک میاں بیوی اکٹھے رہے، پھر عورت کے ماں باپ کے  کہنے پر دوبارہ نکاح نامہ بنا دیا گیا جس میں مزید مہر کا اضافہ ہواتو کیا شوہر پر پہلا مہر لازم ہوگا یا دوسرا؟

نیز کیا بیوی شوہر کی اجازت کے بغیر بلا وجہ ماں باپ کے گھر جاکر بیٹھ سکتی  ہے کہ پھر شوہر کے بلانے پر بھی واپس نہ  آئے ؟

جواب

واضح رہے کہ عقد نکاح کے وقت جو مہر مقرر کیا جائے تو دخول، خلوت صحیحہ یا موت کے ساتھ وہ  مؤکد ہوجاتا ہے ان امور کے بعد اگر شوہر اپنی مرضی سے مہر میں اضافہ کرے گا تو یہ مہر میں زیادتی شمار ہوگی  جس کی وجہ سے پہلا مہر ساقط نہیں ہوتا، نیز عورت کےلیےہفتہ میں ایک مرتبہ والدین کی زیارت کےلیے جانا جائز ہے، البتہ ا س سے  زیادہ  شوہر  کی اجازت کے بغیر  والدین کی زیارت کےلیے جانا جائز نہیں ۔

لہذا صورتِ مسئولہ کے مطابق، اگر کسی کا نکاح ہوا ہو اور مہر بھی مقرر کیا گیا ہو،  لیکن اس کے بعد بیوی کے والدین کے کہنے پر دوسرا  نکاح نامہ بنایا جائے جس میں مہر میں مزید اضافہ کیا گیا ہو، تو اگر یہ اضافہ شوہر کی رضامندی سے لکھا گیا ہو تو اس صورت میں شوہر پر پہلا مہر اور جو اضافہ کیا ہے  دونوں لازم ہوں گے۔ نیز عورت کےلیے والدین کے گھر جاکر اس طور پر بیٹھ جانا جائز نہیں کہ شوہر کے بلانے پر بھی واپس نہ آئے۔

 

وقد استفيد مما ذكرناه أن لها الخروج إلى زيارة الأبوين والمحارم فعلى الصحيح المفتى به تخرج للوالدين في كل جمعة بإذنه وبغير إذنه ولزيارة المحارم في كل سنة مرة بإذنه وبغير إذنه، وأما الخروج للأهل زائدا على ذلك فلها ذلك بإذنه.( البحر الرائق، باب النفقة، ج: 4، ص: 212)

الزيادة في المهر صحيحة حال قيام النكاح عند علمائنا الثلاثة، كذا في المحيط. فإذا زادها في المهر بعد العقد لزمته الزيادة، كذا في السراج الوهاج۔ الفتاوى الهندية، كتاب النكاح،  الفصل السابع في الزيادة في المهر والحط عنه،ج: 1، ص: 312)


فتویٰ نمبر : 7049/297/324

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں