بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 09/09/2026

دارالافتاء

 

قبلہ کی طرف بنے ہوئے واش روم کا استعمال


سوال

ایک شخص نے دومنزلہ گھر بنایا ہے  اور اس   میں چار واش روم بھی بنائے ہیں لیکن مسئلہ  یہ ہے کہ واش روم ایسے بنائے ہیں کہ فلش (کموڈ) کی پشت قبلہ کی طرف ہے چونکہ یہ سارے واش روم  ایک ہی نقشہ کے مطابق بنے ہیں  اب اگر ان کو توڑ کر نئے واش روم بناتے ہیں تو اس میں  حرج بہت زیادہ ہے تو کیا شرعا اس  کی پشت قبلہ کی طرف برقرار رکھنا اور اس پر بیٹھنادرست ہے یا نہیں؟

جواب

کعبۃ اللہ دنیا کی سطح پر اللہ تعالی کے نزدیک افضل ترین  مقام ہے، جس کا احترام رکھنا اور بے ادبی سے بچنا مسلمانوں پر لازم ہے، اس وجہ سے احادیث مبارکہ میں بیت اللہ کی جانب پیشاب کرنے سے ممانعت آئی ہے، چنانچہ رسول اللہ ﷺ کے ارشاد مبارک کا ترجمہ  ہے: جب تم بیت الخلا آؤ تو پاخانہ یا پیشاب کے وقت قبلہ کی طرف منہ نہ کرو اور نہ پیٹھ۔ اسی طرح ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب ہم شام گئے تو وہاں پر بیت الخلا قبلہ کی جانب بنے ہوئے تھے، تو ہم تکلف کے ساتھ گھوم کر بیٹھتے  تھے، یعنی حتی الامکان قبلہ کی جانب منہ یا پیٹھ کرنے سے بچنے کی کوشش کرتے، اور استغفار کرتے۔

صورت مسئولہ کے مطابق  جب تک یہ ممکن ہوکہ یہ واش روم توڑ کر نئے واش روم بنائےجا ئیں تو ان  کو توڑ کراسلامی  تعلیمات کے مطابق نئے واش روم بنائےجائیں لیکن اگر یہ ممکن نہ ہو تو اسی بیت الخلاء میں  جتنا ہو سکے گھوم کر اس طرح بیٹھاجائے کہ پشت قبلہ کی طرف نہ رہے۔

 

"عن أبي أيوب الأنصاري، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «إذا أتيتم الغائط فلا تستقبلوا القبلة بغائط ولا بول، ولا تستدبروها، ولكن شرقوا أو غربوا» قال أبو أيوب: فقدمنا الشام فوجدنا مراحيض قد بنيت مستقبل القبلة، فننحرف عنها، ونستغفر الله".(سنن الترمذي،أبواب الطهارة،باب في النهي عن استقبال القبلة بغائط أو بول،رقم الحديث:8،ج:1،ص:13)

"(كما كره) تحريما (استقبال قبلة واستدبارها ) لأجل (بول أو غائط)".(الدر المختار على صدر رد المحتار،كتاب الطهارة،فصل  الإستنجاء، ج:1، ص:341)


فتویٰ نمبر : 6036/297/328

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں