بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 19/10/2026

دارالافتاء

 

گندم کے بدلے ادھارزیادہ گندم لینا


سوال

اگر کسی  شخص کو دو من گندم کی ضرورت ہو اور وہ دوسرے آدمی سے گندم قرض لینا چاہےاوراس سے کہے کہ ایک مہینے بعددومن گندم  آپ کو واپس کروں گالیکن دوسرا آدمی اس  شرط  پر گندم دے کہ ایک مہینے بعد مجھے دو من  گندم کے بدلےدو من بیس کلو گندم واپس کروگے، تو پوچھنا یہ ہے کہ نقد گندم کم دے کراس کے بدلے  ادھار زیادہ  گندم لینا شرعاکیسا ہے؟

جواب

واضح رہے کہ اگردو چیزیں ایسی ہوں کہ ان کی جنس بھی ایک ہواور کیلی یا وزنی ہوں تو خرید وفروخت میں ان دونوں کا برابر ہونا ضروری ہےاور ہر جانب سے نقد ادائیگی بھی ضروری ہے۔ اگر کسی طرف سے بھی زیادتی ہو تو یہ سود ہےجس کو رباالفضل کہا جاتا ہے۔نیز  ایسا قرض کہ جس میں معین مدت میں مقروض کو دیے گئے قرض سے زیادہ کی وصولی کی شرط لگائی جائے، تویہ بھی سود ہے جس کو ربا النسیئہ کہا جاتا ہے۔

صورت مسئولہ کے مطابق نقد کم  گندم دے کر اس کے بدلے ادھار زیادہ  گندم  لینا جائز نہیں، کیونکہ اس طرح معاملہ سود میں داخل ہے، لہذا اس سے اجتناب ضروری ہے۔

 

قال اللہ تعالی: ﴿أَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا﴾۔ (البقرۃ:275)

عن عبادة بن الصامت. قال:قال رسول الله صلى الله عليه وسلم (الذهب بالذهب. والفضة بالفضة. والبر بالبر. والشعير بالشعير. والتمر بالتمر. والملح بالملح. مثلا بمثل. سواء بسواء. يدا بيد. فإذا اختلفت هذه الأصناف، فبيعوا كيف شئتم، إذا كان يدا بيد). (صحيح مسلم، كتاب الربا، ج:3، ص:1211، رقم الحديث:1587)

لما روي عن رسول الله صلى الله عليه وسلم أنه «‌نهى ‌عن ‌قرض ‌جر ‌نفعا» ؛ ولأن الزيادة المشروطة تشبه الربا؛ لأنها فضل لا يقابله عوض، والتحرز عن حقيقة الربا، وعن شبهة الربا واجب۔ (بدائع الصنائع، كتاب القرض، فصل في شرائط ركن القرض، ج:7، ص:395)

وهو في الشرع ‌عبارة ‌عن ‌فضل ‌مال لا يقابله عوض في معاوضة مال بمال وهو محرم في كل مكيل وموزون بيع مع جنسه۔ (الفتاوى الهندية، كتاب البيوع، الفصل السادس في تفسير الربا وأحكامه، ج:3، ص:117)


فتویٰ نمبر : 3603/297/322

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں