بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 08/09/2026

دارالافتاء

 

انجینئرنگ لائسنس كرایہ پر دینا


سوال

آج کل کنسٹرکشن کمپنیاں حکومت کی طرف سے اس بات کی پابند ہوتی ہیں کہ اس کے پاس پروفیشنل انجینئرز کی ایک خاص تعداد ہوگی تو انہیں ٹھیکہ دیا جائے گا، اس تعداد کو مکمل کرنے کے لیے یہ کمپنیاں مختلف انجینئرز سے جن کے پاس باقاعدہ لائسنس (انجینئرنگ کارڈ) ہوتا ہے ان سے یہ لائسنس خاص مدت کے لیے پیسوں پر خرید لیتے ہیں ۔انجینئرز کا کنسٹرکشن سے کوئی کام نہیں ہوتا وہ صرف لائسنس کمپنی کو دیتا ہے اور اس کے بدلے پیسے لیتا ہے،  تو کیا صرف  لائسنس دینے کے بدلے سالانہ پیسے لینا جائز ہے؟

جواب

          کسی بھی شعبہ کے انجینئر کو  اس شعبہ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے جو اس کی صلاحیت، قابلیت اور مہارت کا سرٹیفکیٹ ہوتا ہے،اپنا یہ سرٹیفکیٹ کسی کمپنی کو  کرایہ پر دینا جائز نہیں ہے، اس کے ناجائز ہونے کی چند وجوہات درج ذیل ہیں:

1۔  مذکورہ انجینئر کو اس کی صلاحیت اور تعلیم کی بنیاد پر کنسٹرکشن انجینئر کی سند دی گئی ہے، اگر اس سند کو دکھا کر کوئی غیر تربیت یافتہ اور غیر تعلیم یافتہ شخص آرڈر حاصل کرلے تو اس میں اس کے کام کو صحیح طرح نہ کرنے کی وجہ سے لوگوں کی جانوں کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

2۔ حکومت کی طرف سے قانوناً اس کی پابندی ہے، اور حکومت کی ایسی جائز پابندیاں جو مفادِ عامہ کی مصلحت میں ہوں ان کی پاسداری شرعاً بھی لازم ہوتی ہے۔

3۔  اس میں دھوکادہی اور جھوٹ  میں تعاون پایا جاتا ہے جوکہ ناجائز اور حرام ہے ۔

4۔  لائسنس حکومت کی طرف سے اجازت نامہ ہے، کوئی ایسا مال نہیں ہے جس کو کرایہ پر دیا جاسکے یا فروخت کیا جاسکے۔

لہذا  صرف لائسنس (انجینئرنگ کارڈ)  کرایہ پر دینا اور لینا اور اس کی آمدنی  ناجائز ہے۔

 

قال الله تعالی: ﴿وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ﴾ (سورةالمائدة، آيت نمبر:2)

وقال: ﴿وَاجْتَنِبُوا قَوْلَ الزُّورِ﴾ (سورة الحج، آيت نمبر:30)

والأجرة انما تكون في مقابلة العمل. (ردالمحتار على الدر المختار،كتاب النكاح،مطلب:أنفق على معتدةالغير،ج:4، ص:305)

تصرف الإمام على الرعية منوط بالمصلحة۔(الأشباه والنظائر لابن نجيم، القاعدة الخامسة، ص:62)

وبهذا علم أن أمر القاضي لا ينفذ إلا إذا وافق الشرع. (شرح الأشباه والنظائر، القاعدة الخامسة، ص:333)


فتویٰ نمبر : 3120/297/322

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں