بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 08/09/2026

دارالافتاء

 

غیر واجب الذمہ پیسوں کا مانع زکوۃ ہونا


سوال

ہمارے ہاں یہ رسم ہے کہ لڑکا اپنی شادی کےلئے مہر کے علاہ بھی لڑکی کے گھر والوں کو کچھ رقم ادا کرتا ہے جسے ولور کہاجاتا ہے جس کا ادا کرنا اس پر لازم ہوتا ہے اب صورت مسئلہ یہ ہے ایک آدمی نے اپنے بیٹے کی  منگنی کردی اور ولور پانچ لاکھ روپیہ رکھا ہے اب اس نے زکاۃ ادا کرنی ہے تو کیا یہ پانچ لاکھ کی رقم اس کے نصاب سے منہا کیا جائے گا یا نہیں کیونکہ یہ تو اس کے ذمے رسما واجب الاداء ہے ۔

جواب

           شریعت مطہرہ میں نکاح میں کم سے کم مہر مقرر کرنے کی ترغیب دی گئی ہےپیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہےکہ سب سے بابرکت نکاح وہ ہے جس کے اخراجات کم سے کم ہوں،آج کل  بعض علاقوں  میں  لڑکے والوں سےمہر کے علاوہ "ولور"کے نام پرجو بھاری رقم کامطالبہ کیا جاتا  ہے  اور ہر کوئی نہ چاہتے ہوئے بھی  اس کو دیتا ہے ورنہ اس کے بغیر اس کو کوئی رشتہ نہیں دیتا ہےیہ رشوت کے زمرے میں آکر اس کا لینا جائز نہیں ہے چنانچہ یہ رقم  لینے کے بعد  بھی لینے والے کی ملکیت میں نہیں آتی،اور بدستور دینے والے کی ملکیت میں رہے گی جو اس کو واپس کرنا لازم ہے۔

          صورت مسئولہ  میں مہر کے علاوہ   "ولور" کے نام پر جو پانچ لاکھ مقرر کیے ہیں اس کا دینا لازم نہیں ہے بلکہ دینا  جائز نہیں اور لینے والوں کے لیے اس کا لینا جائز نہیں ہے،اور جو پیسے واجب الذمہ نہیں ہوتے  ایسے پیسوں کو اپنے باقی پیسوں کے ساتھ ملا کر اس کی زکوۃ دینا واجب ہے۔

 

عن عائشة قالت : قال النبي صلى الله عليه و سلم : " إن أعظم النكاح بركة أيسره مؤنة " . رواهما البيهقي في شعب الإيمان.(مشكاة المصابيح،كتاب النكاح،ج:2،ص:202)

(أخذ أهل المرأة شيئا عند التسليم فللزوج أن يسترده) لأنه رشوة. (قوله عند التسليم) أي بأن أبى أن يسلمها أخوها أو نحوه حتى يأخذ شيئا، وكذا لو أبى أن يزوجها فللزوج الاسترداد قائما أو هالكا لأنه رشوة.(الدر المختار مع رد المحتار،كتاب النكاح،مطلب في دعوى الاب ان الجهاز عارية،ج:4،ص:307)

الرشوة لا تملك بالقبض.(الدر المختار،كتاب الحظر والاباحة،ج:9،ص:607)


فتویٰ نمبر : 9086/297/321

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں