بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 25/10/2026

دارالافتاء

 

ہبہ کی گئی جائیداد میں میراث کا حکم


سوال

ایک آدمی نے اپنی زندگی میں صرف زبانی کلامی  اپنا چھوٹا گھر اپنی بیگم کے نام کیا، کوئی سٹامپ وغیرہ نہیں لکھا  اس شخص کی وفات کے بعد ساری جائیداد ورثہ میں تقسیم ہو گئی،  جبکہ چھوٹے گھر میں بیوہ مقیم تھی، اس کے 2 بیٹے ہیں بڑا بیٹا باہر ملک مقیم ہے جبکہ چھوٹا بیٹا والدہ کے ساتھ ۔ والدہ نے یہ چھوٹا گھر خدمت کے عوض اپنے چھوٹے بیٹے کے نام کیا ہے اور یہ فیصلہ بھی زبانی کلامی ہوا ہے کوئی لکھائی نہیں ہوئی۔ اب والدہ وفات پا گئی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ والدہ کی وفات کے بعد وہ چھوٹا گھر سب اولاد میں تقسیم ہو گا یا چھوٹے بیٹے کو ملے گا؟

جواب

              شریعت مطہرہ کی رو سے ہر شخص کو اپنی زندگی میں اپنے مال وجائیداد میں ہر قسم کے جائز تصرفات کا حق حاصل ہے، لہذا اگر كوئی شخص زندگی میں کسی کو کوئی مال یا جائیداد   ملکیتا دیدے اور وہ اس پر قبضہ کرے تویہ اس شخص  کی طرف سے ہبہ شمار ہوگا اور اس کے موت کے بعد اس کے ورثا اس میں حقدار نہ ہوں گے ،لیکن اگر اس شخص کی زندگی میں موہوب لہ (جس کو ہبہ دیا گیا ہو )نے قبضہ نہ کیا تو پھر یہ اس کی ملکیت متصور نہ ہوگی بلکہ تمام ورثا اس میں شریک ہوں گے۔

                 صورت مسٔولہ کے مطابق اگر مذکورہ شخص نے اپنا گھر اپنی بیوی کے نام کردیا تھا اور بیوی نے اس پر شوہر کی  زندگی میں قبضہ بھی کرلیا تھا تو پھر بیوی ہی اس کی مالکہ ہونے کی بنا پر باقی ورثا کا اس میں حصہ نہ ہوگا۔اس کے بعد بیوہ نے اگر واقعی یہ گھر اپنے چھوٹے بیٹے کے نام کر دیا تھاتو اگر بیٹے نے ماں کی زندگی ہی میں اس پر قبضہ کر لیا تھا   تو ایسی صورت میں  یہ گھر صرف اسی بیٹے  کی ملکیت شمار ہوگی ۔لہذا ماں کی  وفات کے بعد باقی ورثا میں تقسیم نہ ہوگی،لیکن اگر بیٹے کو قبضہ نہیں دیا تھا تو محض زبانی طور پر اس کے نام کرنے سے یہ اس کی ملکیت نہ ہوگی بلکہ تمام ورثا اس میں شریک ہوں گے۔

 

وركنها هو الإيجاب والقبول وتتم الهبة بالقبض(الدر المختارعلى صدررد المحتار،كتاب الهبة، ج:8، ص:490)


فتویٰ نمبر : 4889/297/328

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں