بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 23/10/2026

دارالافتاء

 

خلع بالمال کے ذریعے نکاح ختم کرنے کاحکم


سوال

 میری بہن  کا نکاح ہم نےایک شخص کے ساتھ کیا ہے ۔اور ہم نے اس کے نکاح کے وقت 10،000روپے مہر معجل مقرر کیا ہے ۔اور اس شادی کے تقریبا چھ ماہ گزر ے ہیں لیکن بدقسمتی سے  جو خاوند ہے نہ اپنی بیوی کے ساتھ ازدواجی تعلق قائم کرتا ہے اور نہ اس کے ساتھ کوئی بات چیت کرتا ہے ہم نے کئی بار سمجھایا ۔دوسری طرف بیوی بہت تنگ ہے حتی کہ طلاق پر مجبور ہے ۔تو کیا اس صورت میں خلع بالمال جائز ہے ؟اور خلع کی شرعی صورت بھی لکھیں ۔

جواب

شریعت مطہرہ نے میاں بیوی کے ایک دوسرے پر کچھ حقوق مقرر کیے ہیں ان حقوق کی پاس داری کرتے ہوئے وہ دونوں خوشگوار زندگی بسر  کرسکتے ہیں،تاہم اگر طبائع مختلف ہونے  کی وجہ سے تعلقات کا استوار رکھنا مشکل ہو اور فساد کا خطرہ ہو تو شریعت  نے خاوند کے لیے طلاق اور بیوی کے لیے خلع کا مطالبہ کرنے کا راستہ مقرر کیا ہے ۔صورت مسئولہ میں اگر شوہر واقعتا اپنی بیوی کے ساتھ باہمی تعلق اور ازدواجی زندگی گزارنے کے لیے تیار نہیں اور طلاق بھی نہیں دیتا تو بیوی اس کو کچھ عوض (مال وغیرہ ) دے کر خلع لے کر نکاح سے جان چھڑاسکتی ہے ۔

اور خلع یہ ہے کہ باہم رضا مندی سے عوض طے ہو کر لفظ "خلع " یا اس کے ہم معنی کسی لفظ سے شوہر حقوق زوجین کو ختم کردے ۔خلع طلاق بائن کے حکم میں ہوتا ہے اور اس سے مہر اور نان نفقہ وغیرہ سب ساقط ہوجاتا ہے  ،البتہ ایام عدت کا نفقہ اوررہائش کا بندوبست شوہر کے ذمے ہے وہ ساقط نہیں ہوتا ۔

إذَا تَشَاقَّ الزَّوْجَانِ وَخَافَا أَنْ لَا يُقِيمَا حُدُودَ اللَّهِ فَلَا بَأْسَ بِأَنْ تَفْتَدِيَ نَفْسَهَا منه بِمَالٍ يَخْلَعُهَا بِهِ فإذا فَعَلَا ذلك وَقَعَتْ تَطْلِيقَةٌ بَائِنَةٌ وَلَزِمَهَا الْمَالُ كَذَا في الْهِدَايَةِ(الفتاوی الھندیۃ ،فصل فی شرائط الخلع ،ج1 ص488)

 الخلع  ( هو ) لغة الإزالة واستعمل في إزالة الزوجية  وشرعا كما في البحر ( إزالة ملك النكاح بلفظ الخلع  أو في معناه  (ولا بأس به عند الحاجة ) للشقاق بعدم الوفاق ( بما يصلح للمهر )(الدر المختار ج2 ص840)


فتویٰ نمبر : 6192/297/324

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور



تلاش

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں